وانا (نمائندہ مانند) ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب بدھ کے روز منعقد ہوئی، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سردار فتح اللہ خان میاں خیل نے کابینہ کے ارکان سے حلف لیا اور انہیں منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں صحافتی برادری کے علاوہ سماجی و سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔حلف برداری کی اس تقریب میں ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا کے صدر قسمت اللہ وزیر، جنرل سیکرٹری وسیم سجاد، سینئر نائب صدر ظفر خان وزیر، فنانس سیکرٹری مجیب الرحمان، نائب صدر زرداد خان اور جوائنٹ سیکرٹری نور علی وزیر شریک تھے، جبکہ دیگر سینئر صحافیوں کی موجودگی نے تقریب کو وقار بخشا۔ اس موقع پر صحافت کے کردار، آزادیٔ اظہارِ رائے اور صحافیوں کو درپیش مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکنِ قومی اسمبلی و قائمہ کمیٹی برائے دفاع سردار فتح اللہ خان میاں خیل نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور ایک آزاد و ذمہ دار میڈیا جمہوریت کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادیٔ اظہارِ رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کے آئینی و جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔سردار فتح اللہ خان میاں خیل نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں، جو عوامی مسائل، حقائق اور زمینی حقائق کو ایوانوں تک پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مثبت، تعمیری اور سچ پر مبنی رپورٹنگ معاشرے میں بہتری اور اداروں میں شفافیت کے فروغ کا ذریعہ بنتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری اور عوامی جماعت ہے، جو صحافیوں کی فلاح و بہبود، تحفظ اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر آواز اٹھائی جائے گی اور پریس کلب جیسے اداروں کو مضبوط بنانے میں تعاون کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا کے صدر قسمت اللہ وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب کابینہ صحافی برادری کے مسائل کے حل، ادارے کی مضبوطی اور پیشہ ورانہ اقدار کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے اتحاد اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور متعلقہ اداروں سے مؤثر رابطہ قائم رکھا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا کے سابق چیئرمین آدم خان وزیر نے سردار فتح اللہ خان میاں خیل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی مصروفیات کے باوجود حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی، جو مقامی صحافیوں کے لیے باعثِ حوصلہ ہے۔ تقریب دعا اور نیک تمناؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے