ہنگو (مانند نیوز) انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات خیبرپختونخوا ریحان گل خٹک نے ڈسٹرکٹ جیل ہنگو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جیل کے مجموعی انتظامات قیدیوں کو دی جانے والی سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران آئی جی جیل خانہ جات نے سپرنٹنڈنٹ طاہر جمال اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مامون خان کے ہمراہ قیدیوں سے براہِ راست ملاقات کی اور ان کے مسائل اور شکایات سنے قیدیوں نے بنیادی سہولیات، بجلی، صاف پانی اور دیگر امور سے متعلق آگاہ کیا جس پر آئی جی نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریحان گل خٹک نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی حکومت کا واضح ویژن ہے کہ جیلوں کے نظام میں موثر اصلاحات لائی جائیں اور قیدیوں کو انسانی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر کی تمام جیلوں کو مرحلہ وار سولر انرجی پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ توانائی کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔آئی جی جیل خانہ جات نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل ہنگو میں قیدیوں کو صاف اور معیاری پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کیا جائے گا جبکہ جیل کو درپیش دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ریحان گل خٹک کا کہنا تھا کہ ہمارا ویژن اور نعرہ“جرم سے نفرت ہے مجرم سے نہیں ”اور اسی سوچ کے تحت قیدیوں اور جیل اسٹاف دونوں کے لیے بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔آئی جی جیل خانہ جات نے جیل میں قیدیوں کے لیے فراہم کیے جانے والے کھانے، صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ہنگو طاہر جمال کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ محنت، ایمانداری اور فرض شناسی سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔دورے کے اختتام پر آئی جی جیل خانہ جات نے یقین دہانی کرائی کہ ڈسٹرکٹ جیل ہنگو میں اصلاحاتی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ جیل نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جا سکے۔