پشاور( مانند نیوز)پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے شب و روز خدمات انجام دینے والے پولیو ورکرز کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں سپریم سٹار ارباز خان فین کلب مردان کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب ای پی آئی ٹریننگ ہال ٹی بی ہسپتال مردان میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پولیو ورکرز میں حسنِ کارکردگی کے سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔تقریب کی مشترکہ صدارت ایریا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رضوان انور اور ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر محمد جنید نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے پولیو ورکرز کی انتھک محنت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی جدوجہد میں فیلڈ اسٹاف ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جن کی محنت کے بغیر اس قومی مشن کی تکمیل ممکن نہیں۔تقریب کے دوران ٹی پی او، پی ڈی اے اور ٹی یو ایس پی میں خدمات انجام دینے والے ورکرز میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں میں ارشد، امیر مفتی، بلال خٹک، یاسین خان، بختیار، محمد جنید، سومی افتخار، ثمینہ بیگم، سپنا بیگم، عائشہ بیگم، مصبح بیگم، شیراز خان، اختیار علی، طیب شاہ، اویس محمود، عبدالسلام، نیاز محمد اور محمد آیاز شامل ہیں۔تقریب کی نظامت ارشد نے انجام دی، جبکہ اختتام پر تنظیم کے بانی و چیئرمین واجد علی اظہار نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 2 فروری سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے دوران ضلع مردان کی 79 یونین کونسلوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی موبائل ٹیموں کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے پولیو ورکرز کو بھی حسنِ کارکردگی کے سرٹیفکیٹس سے نوازا جائے گا۔