اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک) روس سمیت بڑی طاقتوں کی مداخلت، ایران پر حملہ تیسری عالمی جنگ، یورپ بھی تباہ ہوسکتا ہے؟
دنیا اس وقت بارود کے ڈھیر پر کھڑی ہے۔ امریکا اوراسرائیل کے ایران پر مشترکہ حملوں نے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
ایران اس وقت امریکہ اور اسرائیل کے وحشیانہ اور تابڑتوڑ حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔ایران کی جانب سے خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور اثاثوں پر جوابی میزائل و ڈرون حملوں نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، جبکہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان جاری مسلسل گولہ باری نے اس آگ کو سرحدوں سے پار پھیلا دیا ہے۔
اسی دوران برطانیہ کی جانب سے امریکہ کو فوجی سہولت دینے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ جس سے یہ خطرہ پیدا ہو گیا ہے کہ دنیا ”تیسری عالمی جنگ“ کی طرف بڑھ رہی ہے۔
ایسی صورتحال میں ہر ذہن میں یہ سوال ہے کہ کیا دنیا میں اب بھی کچھ ایسے ممالک موجود ہیں جو اس تباہی سے محفوظ رہ سکیں گے؟
ماہرین کہتے ہیں کہ اگر بڑی طاقتیں براہِ راست آمنے سامنے آگئیں تو نقصان پوری دنیا کو ہو سکتا ہے۔ لیکن کچھ ممالک ایسے ہیں جو اپنے محلِ وقوع اور دفاعی پالیسیوں کی وجہ سے نسبتاً محفوظ رہ سکتے ہیں۔