جنوبی وزیرستان لوئر وانا کے علاقے کاریز کوٹ میں بارش کے بعد انفراسٹرکچر کی بدحالی، شہری مشکلات کا شکار

وانا (نمائندہ خصوصی) جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا کے علاقے کاریز کوٹ گنگی خیل میں حالیہ بارشوں کے بعد بنیادی انفراسٹرکچر کی خستہ حالی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ گلیوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور جگہ جگہ گہرے گڑھے بننے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق نکاسی آب کا مؤثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی کئی گلیوں میں جمع ہے، جس سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔ جگہ جگہ بننے والے گہرے گڑھوں نے سفر کو خطرناک بنا دیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بزرگ افراد، خواتین اور بچوں کو روزمرہ کی نقل و حرکت میں شدید دشواری کا سامنا ہے، جبکہ بعض مقامات پر حادثات کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

مقامی عمائدین نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سنگین مسئلہ تاحال نو منتخب عوامی نمائندوں اور ٹی ایم اے حکام کی توجہ حاصل نہیں کر سکا، جس کے باعث عوامی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو نہ صرف مسائل میں شدت آئے گی بلکہ انسانی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ عمائدین کے مطابق متعلقہ اداروں کی مسلسل غفلت عوامی اعتماد کو بھی مجروح کر رہی ہے۔

مقامی افراد نے حکومت ، ضلعی انتظامیہ اور نو منتخب نمائندگان سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور سڑکوں کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا جائے، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے