0

آنگوراڈہ متاثرین میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے 75 خاندانوں میں راشن تقسیم

وانا (مانند نیوز ) الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے جنوبی وزیرستان لوئر کے سرحدی علاقے انگوراڈا میں پاک افغان سرحدی کشیدگی سے متاثرہ خاندانوں میں امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے حالیہ جھڑپوں اور کشیدہ صورتحال سے متاثر ہونے والے 75 خاندانوں میں راشن اور ضروری غذائی اشیاء تقسیم کیں، جبکہ متاثرین کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔تفصیلات کے مطابق آنگوراڈہ بارڈر کے مختلف علاقوں میں مقیم متاثرہ خاندانوں کو آٹا، چاول، گھی، چینی اور دیگر بنیادی اشیائے خور و نوش پر مشتمل امدادی پیکجز فراہم کیے گئے۔ اس موقع پر متاثرہ خاندانوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے مشکل وقت میں ایک اہم سہارا قرار دیا۔الخدمت فاؤنڈیشن جنوبی وزیرستان لوئر کے صدر مولانا عمر وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہمیشہ انسانی خدمت اور دکھی انسانیت کی مدد کے جذبے کے تحت کام کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی قیادت کی ہدایات پر سرحدی کشیدگی سے متاثرہ خاندانوں تک فوری امداد پہنچائی گئی تاکہ ان کی مشکلات میں کسی حد تک کمی لائی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ آنگوراڈہ اور دیگر سرحدی علاقوں کے عوام اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ سرحدی حالات، نقل و حرکت پر پابندیوں اور کاروباری سرگرمیوں کی بندش کے باعث کئی خاندان معاشی بحران سے دوچار ہو چکے ہیں۔ ایسے حالات میں مخیر حضرات، سماجی تنظیموں اور فلاحی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ متاثرہ عوام کی مدد کے لیے آگے آئیں۔اس موقع پر جماعت اسلامی جنوبی وزیرستان لوئر کے ضلعی امیر اسد بھیر نے الخدمت فاؤنڈیشن کے اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں متاثرہ خاندانوں تک راشن اور امداد پہنچانا ایک بڑی انسانی خدمت ہے۔ انہوں نے حکومت، منتخب نمائندوں اور فلاحی اداروں سے مطالبہ کیا کہ آنگوراڈہ کے عوام کو فوری مالی اور انسانی امداد فراہم کی جائے تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آ سکے۔انہوں نے کہا کہ سرحدی کشیدگی کے باعث متعدد خاندان بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ روزگار، تجارت اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے عوام شدید ذہنی اور معاشی دباؤ کا شکار ہیں، اس لیے ان کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ناگزیر ہیں۔آنگوراڈہ بارڈر کے مقامی رہائشیوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں امدادی سرگرمیوں نے متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے سرحدی علاقوں کے عوام کے جانی و مالی نقصانات کا ازالہ کریں اور مستقل بنیادوں پر ریلیف اور بحالی کے اقدامات کیے جائیں تاکہ متاثرہ خاندان معمول کی زندگی کی طرف واپس لوٹ سکیں۔اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی جنوبی وزیرستان لوئر ندیم خان وزیر ، الخدمت فاؤنڈیشن جنوبی وزیرستان لوئر کے ضلعی جنرل سیکرٹری بلال وزیر و دیگر موجود تھے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں

twenty + 17 =