ملاکنڈ (مانند نیوز)ملاکنڈ میں ایک بیکری یونٹ سے 40 لیٹر مضر صحت شیرہ برآمد ہونے پر موقع پر تلف کر لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ، محمد فیاض خان شیرپاؤ کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی ملاکنڈ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ درگئی اور سخاکوٹ میں قائم مختلف بیکری یونٹس کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران بیکریوں میں تیار ہونے والی مختلف اشیاء کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایک بیکری یونٹ سے 40 لیٹر مضر صحت شیرہ برآمد ہونے پر موقع پر تلف کر لیا گیا، جبکہ ایک بیکری یونٹ میں نان فوڈ گریڈ کلر،غیر معیاری بیکری اشیاء اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں پائی گئیں، غیر معیاری بیکری موقع پر تلف کی گئی اور مذکورہ یونٹ کو سیل کر کے بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ انسپکشن ٹیم نے درگئی بازار میں خوراک سے وابستہ مختلف دکانوں کا بھی معائنہ کیا، جہاں بہتری کے نوٹسز جاری کئے گئے اور ایکسپائر لائسنسوں کی تجدید بھی کی گئی۔