پشاور(مانند نیوز) غیر سرکاری فلاحی تنظیم ہمدرد مہربان آرگنائزیشن مردان نے معاشرے کے مستحق اور نادار افراد کو خود کفیل بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم کا بنیادی مقصد ضرورت مند افراد کی عزتِ نفس کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں باوقار زندگی گزارنے کے قابل بنانا ہے۔تنظیم کے چیئرمین گل وہاب صدیقی اور وائس چیئرمین سیار احمد ہمدرد نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہمدرد مہربان آرگنائزیشن ایک ایسے فلاحی مشن پر گامزن ہے جس کا محور انسانیت کی خدمت، معاشی استحکام اور سماجی ترقی ہے۔ تنظیم مستحق افراد کی مدد محض امداد تک محدود نہیں رکھتی بلکہ انہیں تعلیم، فنی تربیت، روزگار کے مواقع اور قرضِ حسنہ کی فراہمی کے ذریعے خود انحصاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کی حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب محروم طبقات کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔ تنظیم نوجوانوں، خواتین اور مستحق خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر بہتر مستقبل کی بنیاد رکھ سکیں۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہمدرد مہربان آرگنائزیشن کا وژن ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں ہر فرد کو باعزت زندگی گزارنے کے مواقع میسر ہوں اور کوئی بھی شخص غربت، بے روزگاری یا محرومی کے باعث مایوسی کا شکار نہ ہو۔انہوں نے مخیر حضرات، سماجی کارکنوں اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اس فلاحی مشن میں تنظیم کا ساتھ دیں اور مستحق افراد کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم مستقبل میں بھی انسانیت کی خدمت، سماجی بہبود اور معاشی خود کفالت کے منصوبوں کو مزید وسعت دے گی تاکہ ایک خوشحال، مضبوط اور مستحکم معاشرے کے قیام میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکے۔”انسانیت کی خدمت ہماری ذمہ داری ہے” کے عزم کے ساتھ ہمدرد مہربان آرگنائزیشن اپنے فلاحی سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔