تہران (مانند نیوز) ایران نے مبینہ طور پر یمن کے حوثی گروپ کو ہدایت کی ہے کہ اگر امریکہ ایران کے بجلی کے نظام کو نشانہ بناتا ہے تو آبنائے باب المندب کو بند کرنے کے لیے تیار رہیں۔ یہ دعویٰ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایران کے دو سینئر حکام اور ایک علاقائی ذریعے کے حوالے سے کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایران کا پیغام حوثی قیادت تک پہنچا دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی حملے کی صورت میں بحیرہ احمر کی اس اہم گزرگاہ کو بند کرنے کی حکمت عملی پر عمل کیا جائے۔آبنائے باب المندب دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے یورپ، ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان بڑی مقدار میں تجارتی سامان اور خام تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر اس راستے کو بند کیا گیا تو عالمی تجارت، توانائی کی سپلائی، تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی جہاز رانی پر گہرے منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں باب المندب کی ممکنہ بندش خطے کی سلامتی اور عالمی معیشت کے لیے ایک نیا چیلنج بن سکتی ہے، جبکہ عالمی طاقتیں صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں