وانا (قسمت اللہ وزیر ) جنوبی وزیرستان لوئر سے نومنتخب عوامی نمائندوں، رکنِ قومی اسمبلی زبیر وزیر اور رکنِ صوبائی اسمبلی عجب گل وزیر کی خصوصی ہدایات پر تور سلائی زیڑی نور کی 6 کلومیٹر طویل سڑک کے تعمیراتی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں چیف آف احمد زئی ملک معین الدین وزیر، ملک سعیداللہ وزیر اور ملک گل وزیر نے مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنماؤں، مقامی عمائدین اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب میں عابد وزیر، مراد علی وزیر، انجینئر لقمان وزیر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی عملی تکمیل کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ان کے مطابق سڑک کی تعمیر سے علاقے کے ہزاروں مکینوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی، سفری وقت اور اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ طلبہ، مریضوں، تاجروں اور عام شہریوں کو روزمرہ نقل و حرکت میں آسانی حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ مقامی تجارت، زرعی سرگرمیوں اور معاشی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔
مقررین نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کی پسماندگی کا خاتمہ، بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی اور عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی پاکستان تحریکِ انصاف کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، معیاری سڑکوں کی تعمیر، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان شاء اللہ مستقبل میں بھی جنوبی وزیرستان لوئر کے مختلف علاقوں میں مزید ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے تاکہ ہر گاؤں اور ہر خاندان تک ترقی اور خوشحالی کے ثمرات پہنچ سکیں۔
تقریب کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کا اعتماد ان کی طاقت ہے، خدمت ان کا نصب العین ہے اور علاقے کی پائیدار ترقی ان کا مشن ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ترقیاتی عمل کا یہ سلسلہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔