لاہور(مانند نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے حکومتی فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کی جیبوں پر روزانہ ڈاکا ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ردعمل میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ روزانہ کی بنیادوں پر پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کا مطلب حکمرانوں نے عوام کو روزانہ لوٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اتحادی حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بجائے پٹرول پر عائد 120 روپے فی لیٹر ٹیکسز کا خاتمہ کیوں نہیں کرتی، جن کا پٹرول کی اصل قیمت سے کوئی تعلق نہیں۔ امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت لیوی کے نام پر عوام سے بھتہ وصول کرنا کیوں بند نہیں کرتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ناکام حکومت اپنی معاشی ناکامیوں کا بوجھ مسلسل مہنگائی اور نئے ٹیکسوں کی صورت میں عوام پر منتقل کر رہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کے بجائے پٹرولیم مصنوعات پر عائد غیر ضروری ٹیکسز اور لیوی ختم کرے تاکہ مہنگائی سے پریشان عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔