پشاور (مانند نیوز ) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و نشریات اور امور خیبر پختونخوا اختیار ولی خان سے ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ سوشل جسٹس پاکستان اسلام آباد کے چیف کوآرڈینیٹر عبدالصمد خان صافی کی قیادت میں فیوچر لیڈر یوتھ اسمبلی کے وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔وفد میں فیوچر لیڈر یوتھ اسمبلی کے چیئرمین انجینئر عرفان خان، ملک فواد حسین اعوان، فواز عالم، عبداللہ کمانڈو، عماد اور شایان شاہ شامل تھے۔ملاقات کے دوران نوجوانوں کو بااختیار بنانے، مؤثر قیادت کی تیاری، سماجی و قومی ذمہ داریوں کے فروغ اور نوجوان نسل کو قومی دھارے میں فعال کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے سے متعلق تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ فیوچر لیڈر یوتھ اسمبلی کے آئندہ پارلیمانی سیشن کے انعقاد، اس کے اغراض و مقاصد اور نوجوانوں کی شمولیت کو مزید مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو ہوئی۔اس موقع پر وفد نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ان کی مؤثر نمائندگی یقینی بنانے اور انہیں قومی ترقی کے عمل میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں، قائدانہ صلاحیتوں اور جمہوری اقدار سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اختیار ولی خان نے وفد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے اور انہیں تعلیم، تربیت، قیادت اور قومی خدمت کے بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نوجوانوں کی فلاح، صلاحیتوں کے فروغ اور مثبت قومی کردار کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔