ڈیرہ اسماعیل خان ( مانند نیوز)تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی اور 5اگست کے احتجاج کے حوالے سے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا جی پی او چوک پر پی ٹی آئی کے ورکرز اور انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے استقبال کیا، علیمہ خان کو ریلی کی صورت میں حق نواز پارک اور توپانوالہ چوک لایا گیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ ممبر قومی اسمبلی بنوں مولانا نسیم شاہ ، ایم این اے کرک شاہد خٹک، صوبائی وزیر آئی ٹی شفقت ایاز، وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم محمد عثمان خان بیٹنی و دیگر موجود تھے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ہم عمران خان کی رہائی کیلئے نکلے ہیں ، عمران خان 3سالوں سے ناحق قید ہے، 9ماہ سے قید تنہائی میں ہے، جبکہ اس کی ایک آنکھ بھی ضائع کردی گئی ہے، پہلے پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی ، سب سے زیادہ ظلم پنجاب میں کیا گیا، عمران خان کو یقین ہے کہ لوگ باشعور ہوچکے ہیں اور یہ نوجوان نسل اس ظلم کیخلاف کھڑی ہوگی ،اداروں کا کام ہوتاہے ریاست کا خیال رکھنا، عمران خان جیل میں بیٹھ کر ملک کی سلامتی کی جنگ لڑرہاہے تو ہم باہر رہ کر یہ جنگ کیوں نہیں لڑ سکتے ، اس موقع پر انہوں نے عمران خان کی رہائی کے نعرے بھی لگائے۔