ٹیکسلا (مانند نیوز) میں ٹک ٹاکر شمسو بی عرف عائشہ کے قتل کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ ٹیکسلا میں درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ قتل، اقدام قتل اور اعانتِ جرم کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ کے موبائل فون پر کاشف نامی شخص کی کال آئی، جس کے بعد وہ اپنے بھائی اور بہن کے ہمراہ گھر سے باہر گئی، کچھ دیر بعد اہلخانہ کو اطلاع ملی کہ عائشہ کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا ہے۔
والد کے مطابق ٹی ایچ کیو اسپتال ٹیکسلا پہنچ کر انہوں نے بیٹی کی لاش کی شناخت کی، جبکہ دوسری بیٹی اور بیٹا بھی زخمی حالت میں موجود تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھے شخص نے گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں عائشہ کی گردن پر گولی لگی۔ فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر ڈمپر سے ٹکرا گئی، جس کے باعث مقتولہ کے بھائی اور دوسری بہن بھی زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کا بھائی ملزمان کو سامنے آنے پر شناخت کرسکتا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔