پشاور (مانند نیوز) خواجہ سرا کمیونٹی کو درپیش رہائش کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے مردان میں پاکستان کی تاریخ کی پہلی مخصوص ہاؤسنگ کالونی قائم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ اسمارٹ گروپ آف کمپنیز کے تعاون سے خواجہ سرا افراد کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے اس منصوبے کے تحت انہیں پلاٹس سستے نرخوں اور آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے۔اس حوالے سے مردان کے ایک مقامی ہال میں اسمارٹ گروپ آف کمپنیز کے تعاون جبکہ زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی اور سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی سابق کمشنر ایف بی آر اور لینڈ اونر گرین ریذیڈنشیا اسد علی جان خان تھے۔تقریب میں دی رئیلٹرز ایسوسی ایشن مردان کے صدر ناصر خان امازئی، اسمارٹ گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین غنی رحمان، ٹرانس جینڈر الائنس پاکستان کی صدر فرزانہ ریاض، انجینئر محمد شہاب، آل آرٹسٹس ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کی صدر سعیدہ خان، سول سوسائٹی کے نمائندگان محمد عارف اور محمد پرویز سمیت اسمارٹ زون مارکیٹنگ کے سی ای او محمد اسماعیل شاہین اور صوبے بھر سے خواجہ سرا کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد علی جان خان اور دیگر مقررین نے کہا کہ خواجہ سرا معاشرے کا باقاعدہ حصہ ہیں اور ان کے بنیادی مسائل کا حل ریاست، اداروں، کاروباری طبقے اور سول سوسائٹی سمیت معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سرا کمیونٹی کو سب سے زیادہ مشکلات میں سے ایک محفوظ اور مستقل رہائش کی عدم دستیابی کا سامنا ہے، جس کے باعث ان کے لیے الگ رہائشی منصوبہ وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔مقررین نے کہا کہ اسمارٹ گروپ آف کمپنیز کی جانب سے خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے مخصوص ہاؤسنگ کالونی کا اعلان ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے کمیونٹی کو باعزت، محفوظ اور مستقل رہائش کی سہولت میسر آنے کی امید ہے۔اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ مجوزہ ہاؤسنگ کالونی میں خواجہ سرا افراد کو پلاٹس نسبتاً کم قیمت پر اور آسان اقساط کی سہولت کے ساتھ فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق ذاتی رہائش کا انتظام کرسکیں۔مقررین نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ خواجہ سرا کمیونٹی کو رہائش کے ساتھ ساتھ معاشرے میں باعزت اور خودمختار زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔