پشاور (مانند نیوز) خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کے لیے پانچ روزہ "دا زوانانو آواز – نوجوانوں کی آواز” پوڈکاسٹنگ اور ڈیجیٹل اسٹوری ٹیلنگ تربیتی بوٹ کیمپ بزنس انکیوبیشن سینٹر، یونیورسٹی آف پشاور میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ تربیتی پروگرام کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کے اشتراک سے 17 سے 21 اگست 2026 تک کیا گیا۔ تربیتی بوٹ کیمپ کا مقصد نئے ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کو پوڈکاسٹنگ، ڈیجیٹل اسٹوری ٹیلنگ، ڈیجیٹل مواد کی تخلیق اور جدید ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں عملی اور جدید مہارتیں فراہم کرنا تھا۔ پانچ روزہ تربیتی پروگرام کے دوران شرکاء کو پوڈکاسٹ کی تیاری کے مختلف مراحل، جن میں موضوع کا انتخاب، منصوبہ بندی، اسکرپٹ رائٹنگ، ریکارڈنگ، ایڈیٹنگ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اشاعت شامل ہیں، کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی گئی۔ڈیجیٹل اسٹوری ٹیلنگ کے سیشنز میں مؤثر اور بامقصد کہانیاں تخلیق کرنے، انہیں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام تک پہنچانے اور نوجوانوں کی آواز کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ شرکاء کو عملی سرگرمیوں کے ذریعے ڈیجیٹل مواد کی تیاری اور پیشکش کا تجربہ بھی فراہم کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد نئے ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کو تخلیقی، عملی اور مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا، انہیں ڈیجیٹل معیشت میں ابھرتے ہوئے مواقع سے روشناس کرانا اور مثبت کہانیوں، عوامی آگاہی اور سماجی اثرات کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال کے قابل بنانا تھا۔ تربیتی پروگرام کی سربراہی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر بخت زمان یوسفزئی نے کی، جبکہ سدرا ادریس نے معاون ٹرینر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ تربیتی سیشنز کے دوران بزنس انکیوبیشن سینٹر کے جدید پوڈکاسٹ اسٹوڈیو کو بھی استعمال کیا گیا، جہاں نوجوانوں کو پیشہ ورانہ ماحول میں پوڈکاسٹ کی تیاری، ریکارڈنگ اور پروڈکشن کا عملی تجربہ حاصل ہوا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر بخت زمان یوسفزئی اور بزنس انکیوبیشن سینٹر کے فوکل پرسن شکیل خان نے کہا کہ پوڈکاسٹنگ اور ڈیجیٹل اسٹوری ٹیلنگ تیزی سے ترقی کرنے والے شعبے ہیں، اور نوجوانوں کو ان جدید ذرائع ابلاغ کی عملی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے تربیتی اقدامات نوجوانوں کو اپنی آواز، خیالات اور کہانیوں کو مؤثر انداز میں دنیا تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل معیشت میں نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "دا زوانانو آواز” کا مقصد صرف پانچ روزہ تربیتی پروگرام تک محدود نہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے مستقبل میں بھی ڈیجیٹل میڈیا، پوڈکاسٹنگ اور اسٹوری ٹیلنگ کے حوالے سے مزید مواقع اور تربیتی سرگرمیوں کی راہ ہموار کرنا ہے۔ تربیتی پروگرام کے اختتام پر شرکاء کی جانب سے تیار کردہ پوڈکاسٹس پیش کی گئیں، جن میں نوجوانوں نے دورانِ تربیت حاصل کی گئی مہارتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے والے شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے