پشاور (مانند نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ مزید تیز کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ترجمان خیبر پختونخوا حکومت کامران بنگش نے صوبے کی سب سے بڑی کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری کا دورہ کیا۔ خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور میں واقع پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری میں ٹیسٹنگ امور کا جائزہ لیا جہاں پر وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء الحق کی جانب سے معاون خصوصی کامران بنگش کو بریفنگ دی گئی۔ معاون اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کو بتایا گیا کہ مارچ 2020 سے لے کر اب تک پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری میں تقریباً 6 لاکھ نمونے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر لیبارٹری میں 3 ہزار نمونے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری کی استعداد مزید بڑھانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ وائرس کی مختلف اقسام جاننے کے لئے لیبارٹری میں سیکوینسر بڑھائے جائیں۔ سیکوینسر خریداری کے لئے پروپوزل جلد از جلد مکمل کرکے صوبائی حکومت کو بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی صحت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا کہ ملک میں تیسری بڑی کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری خیبرپختونخوا کے پاس ہے۔ صوبائی حکومت نے کے ایم یو کی تکنیکی معاونت سے صوبے میں 11 خصوصی لیبارٹریز بنائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیبارٹری کی مزید استعداد کار بڑھانے کے لیے فنڈز فراہم کریں گے۔ کورونا کے خلاف عوامی تعاون اور اکیڈیمیا کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ عوام کے ساتھ مل کر کورونا کی ہر لہر کو شکست دیں گے۔ سائنسی بنیادوں پر اکیڈیمیا کے ساتھ مل کر کورونا وبا کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ کاکورونا وبا کی شکست میں ڈاکٹرز اور اکیڈیمیا کا کردار قابل تعریف ہے۔