ہنگو (مانند نیوز ڈیسک) این سی او سی کے وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کے لئے علماء کرام اور قومی مشران نے بہترین کردار ادا کیا ہے۔ ضلع ہنگو میں کویڈ 19 کی تیسری لہر کے اثرات کم سے کم کرنے کے لئے سول انتظامیہ، ٹریڈ یونین، قومی عمائدین اور محکمہ ہیلتھ کے درمیان بہترین کوارڈنیشن کی ضرورت ہے۔ فیس ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جا رہی ہے۔ ہر قسم کے سیاسی، سماجی اور تفریحی تقریبات پر پابندی کا مقصد صرف و صرف انسانیت کو کرونا سے محفوظ بنانا ہے۔ مساجد، مال مویشی منڈیوں، اور کاروباری مراکز میں ایس او پیز کو فالو نہ کرنے کا نتیجہ لاک ڈاون ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ ہنگو نے اب تک کرونا ایس او پیز کے متعلق بہترین انداز میں کام کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس کرنل عاطف مشتاق نے ڈپٹی کمشنر ہاوس ہنگو میں کرونا کی تیسری لہر کے تناظر میں ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے غرض سے منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ہنگو حمید اللہ شاہ، ڈی پی او اکرام اللہ خان، اے ڈی سی سردار بہادر، ہنگو اور ٹل کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایچ او ڈاکٹر ثناء اللہ بنگش، ڈی ایس پی عرفان خان، جے یو آئی کے امیر مولانا تحسین اللہ، پی ٹی آئی کے ضلعی صدر نور آواز ایڈوکیٹ، امن کمیٹی کے مشران امین اللہ، رحمت حسین، ظہیر حسین، ٹریڈ یونین کے صدر ظفر اقبال سمیت قومی عمائدین بھی موجود تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ کرنل عاطف مشتاق نے کہا کہ کرونا عالمی مسئلہ ہے جس کی روک تھام کیلئے علماء کرام، سیاسی و سماجی رہنماوں سمیت ہر طبقہ فکر کے افراد کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ہنگو میں انتظامیہ اور مشران کے تعاون کے بدولت کرونا کی لہر کنٹرول میں ہے تاہم ہم غفلت کا مظاہرہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری صحت کی سہولیات ناکافی ہے، وینٹی لیٹر اور آکسیجن کا زخیرہ محدود ہے ایسے میں ہمیں پر حجوم مقامات پر جانیسے گریز کرنا چاہئیے، دفعہ 144 پر عملدرآمد کو یقینی بنانا چاہئیے، فیس ماسک کا استعمال سماجی فاصلوں کا عملی مظاہرہ اور سینٹائزر کا استعمال اہتمام سے کرنا چاہئیے۔ کرنل عاطف مشتاق نے واضح کیا کہ مکمل لاک ڈاون شہریوں کے مشکلات میں مزید اضافہ کریگا اس لئے حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز پر ہر شہری عمل کرے تاکہ لاک ڈون کی نوبت نہ آئے۔ انہوں مال مویشی منڈی، سبزی اور پھلوں کی مارکیٹوں، مساجد اور ٹرانسپورٹ اڈوں پر ایس او پیز کی مکمل پاسداری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ مساجد میں اعلانات کرے اور عوام کو بتائیں کہ کرونا کتنا خطرناک ہے اور اس سے بچاو کے لئے حفاظتی اقدامات کتنے ضروری ہے۔ کمانڈنٹ کرنل مشتاق نے کہا کہ سی ایم ایچ ٹل کا سٹاف اور ڈاکٹرز محکمہ صحت کے عملے کو اس ضمن میں ٹریننگ اور استعداد کار بڑھانے والے اقدامات میں تعاون فراہم کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر ہنگو حمید اللہ شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلع ہنگومیں صرف کرونا کے 35 پازیٹیو کیسز ہے، محکمہ ہیلتھ اور سرکاری مشینری بھر پور طریقے سے ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے لئے کوشاں ہے، انہوں نے کہا کہ قومیں مسائل اور آفات کا ذمہ دارانہ رویہ اپنا کر مقابلہ کرتی ہے، شہریوں کو خود بھی احساس ہونا چاہئیے کہ خود کو کرونا سے کیسے بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، دوکانوں کو سیل کیا جا رہا ہے اور اجتماعات کو سختی سے روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے ٹریڈ یونین، علماء کرام، قومی مشران سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کیساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں اسی میں ہنگو کے عوام اور ہنگو کی بہتری ہے۔ اس موقع پر جے یو آئی مولانا تحسین اللہ، مولانا عبد الجلیل، ٹریڈ یونین کے صدر ظفر اقبال، جے یو آئی س کے امیر مولانا عبد السمیع عثمانی و دیگر نے بھی خطاب کیا اور کرونا کے متعلق حکومتی اور انتظامیہ فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔