لاہور (مانند نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بہترین بجٹ پر اپوزیشن کی بوکھلاہٹ سب کے سامنے عیاں ہے۔ اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت نے شاندار بجٹ پیش کیا، بجٹ میں کمزور طبقات کو خصوصی ریلیف دیا گیا۔بجٹ میں اعلان کردہ اقدامات سے مستحکم ہوتی معیشت مزید مضبوط ہوگی، حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کی بدولت تمام معاشی اشاریے مثبت ہو چکے، بجٹ میں اعلان کردہ عوام دوست اقدامات پر اپوزیشن کارویہ ملکی مفادات سے متصادم ہے، بہترین اور متوازن بجٹ پر اپوزیشن کی بوکھلاہٹ سب کے سامنے عیاں ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو، بجٹ پر سیاست چمکانا انہیں زیب نہیں دیتا، معیشت میں بہتری کے حقیقی اعداد و شمار دیکھ کر اس ٹولے کے ہوش اڑ چکے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی استحکام کے سفر پر گامزن ہے۔