کابل (مانند نیوز ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ افغانستان میں صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے، کابل کی صورتحال کو مسلسل دیکھ رہے ہیں۔ ابھی کابل میں پاکستانی سفارتخانہ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ پاکستانی سفارتخانہ کابل میں فعال ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ افغانستان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش ہے، سفارتخانے کو بند کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے،افغان مسئلے کے حل کیلئے سفارتی کوششیں جاری رہنا چاہئیں۔زاہد حفیظ چودھری نے کہاکہ افغانستان کی صورتحال دنیا کی فوری توجہ کی متقاضی ہے،پاکستان نے ہمیشہ کہا کہ افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں ہے، بلکہ اس کا پرامن حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال پر انتہائی تشویش ہے،ہم نہیں چاہتے افغانستان میں انسانی بحران جنم لے۔