اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ نے نام نہاد بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ کے موقع پر اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے سے حریت رہنماوں سید یوسف نسیم، اشتیاق حمید، امتیاز وانی، عبدالحمید لون، عبدلمجید ملک اور دوسرے رہنماوں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر بھارت کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ احتجاجی مظاہرے کے موقع پر حریت رہنماں نے اپنی تقاریر میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر مین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں، کشمیریوں کو قوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حق خود ارادیت دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ 370اور 35اے کی دفعات کی منسوخی کا مودی حکومت کا فیصلہ غیر آئینی، غیر جمہوری اور سیاسی اقدار کے بنیادی اصولوں کی سراسر منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بھارتی اقدام کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور عالمی قوانین کے بھی منافی ہے۔ حریت رہنماں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن کشمیری اسکے اس مذموم منصوبے کو خاک میں ملا دیں گے۔ حریت رہنماں نے کہا کہ کشمیری ایک عظیم مقصد کیلئے جانیں قربان کر رہے ہیں اور یہ بیش بہا قربانیوں ہی کا نتیجہ ہے کہ مسئلہ کشمیر اس وقت عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات اور وہاں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لیں۔