کوئٹہ (مانند نیوز ڈیسک) بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مارواڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کوئلے کے4 کان کن جاں بحق ہوگئے۔ بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مارواڑ میں واقع کوئلے کی کانوں کے قریب پیر اور منگل کی درمیانی رات نامعلوم افراد فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، فائرنگ سے 4افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔لیویز حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے چاروں افراد مزدور تھے اور وہ کوئلے کی کانوں میں کان کنی کرتے تھے، لاشوں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لئے آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں بھی اسی علاقے میں 6کان کنوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔