تخت بھائی (مانند نیوز ڈیسک) جمعیت علماء اسلام ضلع مردان کے زیر اہتمام مہنگائی او رملک میں لاقانونیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔مظاہرین نے باغ مسجد سے ختم نبوت چوک تک مارچ کیا اور انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کار ڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرین کی قیادت ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا امانت شاہ حقانی کررہے تھے۔مظاہرین نے ختم نبوت چوک میں جلسے کی شکل اختیار کر لی جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین ضلعی ناظم عمومی مولانا امانت شاہ حقانی،سیکرٹری اطلاعات مولانا قیصر الدین،مولانا محمد علی شاہ،مولانا تاج الامین جبل،قاری عبد الرحمان عزیزی اور دیگر نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ عمران خان کی حکومت میں مہنگائی نے ستر سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ملک میں لاقانونیت ہے اور آئے روز قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ چینی،گھی،آئل اور پیٹرول کی قیمتوں میں آئے روز اضافے نے غریب عوام کو خودکشی پر مجبور کر دیا ہے۔ایک کروڑ نوکری دینے والوں نے اپنے دور حکومت میں 25لاکھ سے زائد افراد کو بے روزگار کر دیا ہے۔ملک میں انصاف نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ہر روز غریب عوام کا قتل عام کیا جارہا ہے اور حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔انہوں نے کہاکہ عمران خان او راسکے حواریوں نے ملکی خزانہ کو کنگال کر دیا ہے اور اربوں ڈالرز کے قرضے لینے کے باوجود بھی غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت میں نوکریوں کی بازار لگی ہو ئی ہے لیکن نیب اور دیگر اداروں نے اس پر چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر قائد جمعیت نے موجودہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ کی کال دیدی تو جمعیت علماء اسلام کے کارکن سروں پر کفن باندھ کر نکلیں گے۔