شرینگل (مانند نیوز ڈیسک) شرینگل، شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی نے بی اے، بی ایس سی برائے2021کے نتائج کا اعلان کردیا۔اس حوالے سے جامعہ شرینگل کے شعبہ امتحانات میں ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جسمیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر، کنٹرولر امتحانات صاحبزادہ مراد حسین، ڈایریکٹر فنانس محمد ادریس،ڈایریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر فر حت اللہ فیکلٹی ممبران اور دیگر انتظامی افسران سمیت ایگزامینیشن سٹاف نے شرکت کی۔کنٹرولر امتحانات صاحبزادہ مراد حسین نے نتیجے کا اعلان کیا۔ بی اے، بی ایس سی کے امتحانات میں مجموعی طور پر3952امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے کل2388امیدوار کامیاب قرار پائے، یوں کامیابی کا مجموعی تناسب 60%فیصد رہا۔دی نشتر کالج واڑی دیر اپر کی طالبہ وجیہہ امیر ولد امیر محمد خان نے رول نمبر 02263کے تحت کل 550 میں سے 465نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی دروش ڈگری کالج دروش چترال کے طالب العلم لیاقت ولی ولد افسر ولی نے رول نمبر03626کے تحت کل 550میں سے461نمبر لیکر دوسری پوزیشن اپنی نام کر لی جبکہ چترال ماڈل کالج چترال کی طالبہ سعدیہ کوثر ولد گل نواز نے رول نمبر 03935کے تحت کل 550میں سے454نمبر لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔کنٹرولر امتحانات صاحبزادہ مراد حسین نے امتحانات کے نتایج کا اعلان کرتے ہوئے پوزیشن ہولڈرطلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پورے سٹاف نے انتہائی محنت اور لگن کا مظاہرہ کرکے قلیل وقت میں سارا عمل مکمل کیا میں سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے تمام کامیاب طلباء وطالبات کو مبارکباد دی۔انہوں نے کنٹرولر امتحانات اور پورے سٹاف کے کام کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی اور بھر پور تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔