سوات (مانند نیوز ڈیسک) محکمہ صحت کے رپورٹ کے مطابق صوبے میں ڈینگی تیز ی سے پھیل رہی ہے اور آئے روز اس میں مزید اضافہ ہورہاہے۔ڈینگی کے خطرناک صورت حال کے باوجود تحصیل بریکوٹ میں ٹی ایم اے نے ابھی تک کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائیں ہیں۔ماضی میں ڈینگی سے بچاؤ کے لئے حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ہر محلے و گاؤں میں سپرئے کیا جاتاتھا اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے مختلف سرگرمیاں عمل میں لائی جاتی تھی۔ٹی ایم اے بریکوٹ کے ذرائع کے مطابق ابھی تک ہمیں ڈینگی سے بچاؤ کے لئے کوئی سپرے نہیں ملا اور نہ ہی ہمیں احکام بالا سے کوئی ہدایات جاری کئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے پھیلاؤ نے تحصیل بریکوٹ کے عوام میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا ہوا ہے۔پہلے کورونا نے بہت متاثر کیا ہوا ہے اور اگر خداناخواستہ ڈینگی نے حملہ کیا تو رہی سہی کسر پوری ہوجائے گی۔ٹی ایم اے بریکوٹ کے ذرائع کے مطابق ڈینگی کے خلاف ہم نے ماضی میں کئی ایک اقدامات اٹھائے تھے جس میں سپرے کرنا اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے سلسلے میں بینرز،واک وغیر ہ کئے تھے مگر اب کی بار ہمیں ڈینگی سے بچاؤ کے لئے کوئی وسائل نہیں ملی ہیں۔سول ہسپتال بریکوٹ کے انچارج ڈاکٹر فخر عالم نے کہاکہ بریکوٹ ہسپتال میں تعمیراتی کام جاری ہے اور اب ہم عارضی عمارت میں مریضوں کا علاج معالجہ کرتے ہیں۔ڈینگی کے مرض کے ادویات اور ٹیسٹ وافر مقدار میں موجود ہیں مگر مریض کا داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔علاقے کے سماجی حلقوں نے اعلیٰ احکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔