کراچی (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف نے واپس آنا ہے تو میں ان کو اپنی جیب سے ٹکٹ کی آفر کرتاہوں، وہ آئیں اوریکطرفہ آنے کی اجازت بھی دیتا ہوں۔نواز شریف کو 24گھنٹے کے اندر پاکستان آنے کے لئے ویزہ دوں گا۔ آپ کے خاندان کے تین لوگ یہاں ہیں، آپ بھی آجائیں، کچھ فرق نہیں پڑرہا عمران خان کہیں نہیں جارہا۔۔ سول ملٹری تعلقات زبردست ہیں، عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات بالکل ٹھیک ہیں ۔آصف زرداری سے کوئی فارمولا نہیں مانگ رہا، اُن کے پاس خود بڑے فارمولے ہیں جن کے بارے میں وہ کہہ رہا ہے۔ زرداری کہتا ہے کہ لاہور میں ٹینٹ لگانے لگا رہا ہوں، زرداری صاحب میرے اورآپ کے ٹینٹ کے اکھڑنے کا وقت آگیا۔ میرے ایم کیوایم سے کل بھی اچھے تعلقات تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی ہوں گے لیکن الطاف حسین سے بات چیت نہیں ہوسکتی۔ ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف نے واپس آنا ہے تو میں ان کو اپنی جیب سے ٹکٹ آفر کرتاہوں، وہ آئیں اوریکطرفہ آنے کی اجازت بھی دیتا ہوں،اتنا سارابیماری کا آپ ڈرامہ کر کے گئے ہیں، اللہ تعالیٰ آپ کو صحت دے، اوریقیناً صحت مند ہیں کہ آپ نے کسی ڈاکٹر کو تو دکھایا ہی نہیں اور سوائے عدلیہ پر وارکرنے اورپاکستان کی عظیم افواج کی عظیم قیادت پر باتیں کرنے میں، بیان تیارکرنے میں اورپیپر تیار کرنے کے علاوہ آپ نے کچھ نہیں کیا، آپ کے خاندان کے تین لوگ یہاں ہیں، آپ بھی آجائیں، کچھ فرق نہیں پڑرہا، عمران خان کہیں نہیں جارہا۔وزیر داخلہ نے کہاکہ  بلدیاتی الیکشن ہوئے ہیں، یہ جمہوریت کا حسن ہے کہ کوئی آدمی زیادہ ووٹ لیتا ہے اورکوئی کم لیتا ہے، پاکستان تحریک انصاف نے کم ووٹ نہیں لئے، ووٹوں میں اکثریت رہی لیکن ان کے اپنے مسئلے ہیں وہ ان پر بہتر تبصرہ کرسکتے ہیں۔شیخ رشید نے کہاکہ آصف علی زرداری نے کہا کہ میں لاہور میں ٹینٹ لگانے لگا ہوں، آصف علی زرداری صاحب میرے اورآپ کے ٹینٹ کے اکھڑنے کا وقت آگیا، آپ نے کیا ٹینٹ لگانا ہے۔وزیر داخلہ نے کہاکہ  اگر اللہ تعالیٰ کو منظور رہا تو میں نادرا شناختی کارڈ کی تکالیف کے ازالہ کے لئے میں پورے سات دن کے دورہ سندھ پر آؤں گا، وزارتیں اور ہر چیز عارضی ہے،میں لوگوں کی تکالیف کو کم کروں گا اور میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے ہرادارے میں ایک دن بیٹھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بلدیاتی الیکشن کی طرف جارہا ہے اور جب بلدیاتی الیکشن مکمل ہوں گے تو موجودہ حکومت کو چار سال گزرجائیں گے اور پانچواں سال تو ویسے ہی الیکشن کا سال ہوتا ہے۔ چھ، چھ، سات، سات ووٹرز کا حلقہ ہے، پارٹی کا ووٹ ضرورہوتاہے لیکن امیدوار کا بھی ووٹ ہوتا ہے،40فیصدووٹ امیدوار کا60فیصد ووٹ دیگر مل کر بنتے ہیں، کئی امیدوارایسے ہوتے ہیں جنہوں نے حلقے میں شکل ہی نہیں دکھائی ہوتی۔ ایشوز بنائے جارہے ہیں،شیخ رشید نے کہاکہ شہباز شریف کایہ کہنا کہ ہمارا ہاتھ ہو گا ان کا گریبان ہو گا، آپ اپنی شکل دیکھیں، دنیا میں جتنی بڑی کرپشن کے ثبوت آپ کے خلاف ہیں، دنیا میں کسی شخص کے خلاف نہیں ہیں، حضورآپ جیسے چورہمارے گریبانوں پر ہاتھ نہیں ڈال سکتے، ڈریں اس وقت سے جب ایک ایساوقت آئے کہ آپ پر ٹوکرہ دے دیا جائے، لوگوں میں نفرت ہے۔ کوئی اس ملک میں آدمی ہماری گورننس سے اختلاف کرتا ہو، بے شک ہماری سیاست سے اختلاف کرتا ہو لیکن اس میں اس کو ذرہ برابر شک نہیں کہ نواز شریف اور آصف زرداری خاندان ایک کرپٹ، بددیانت،سست اور فضول خرچ خاندان ہیں اور یہ ملک کی دولت باہر لے جانے والے ہیں۔عمران خان کہیں نہیں جارہا، اگر کوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ عمران خان کہیں جارہا ہے تو وہ کہیں نہیں جارہا۔ انہوں نے کہاکہ الطاف حسین کو میں سٹوڈنٹ لائف سے جانتا ہوں، الطاف حسین سے کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی کیونکہ اس پر بہت سارے ایسے کیسز ہیں جو اس ملک میں قتل وغارت اور بدامنی کے موجب بنے، میرے ایم کیوایم سے کل بھی اچھے تعلقات تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی ہوں گے، لیکن الطاف حسین سے بات چیت نہیں ہوسکتی۔ جو قوم چاہتی ہے اور جو قوم نے ہمیں ووٹ دیئے تھے وہ اس لئے دیئے تھے کہ یہ چینی، آٹا، گھی چوروں،منی لانڈررز،کرپٹ لوگوں سے، لندن میں محل بنانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں تاہم اس میں ہم ناکام رہے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کوئی کسی کا ہاتھ نہیں ہٹا، کیا ان سے ہاتھ ہٹ گیا ہے جو لندن سے نام لے کر باتیں کرتے تھے، میں تو نہیں کہنا چاہتا کیا وہ اب یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ ہمارے حالات گڈی، گڈی ہو گئے ہیں، ادارے20،20سال کی پالیسیاں بناتے ہیں، 20دن کی پالیسیاں نہیں بناتے، کوئی عقل کا اندھا یہ سوچ رہا ہے کہ کسی ایک شخص کی پالیسی ہوتی ہے، ادارے کی پالیسی ہوتی ہے اور اداروں کے تھنک ٹینک 10،10،20،20سال کی پالیسی بناتے ہیں اوربالآخر آپ نے یہی کرنا تھا، خود یہ لوگ جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر چار کی پیداوار ہیں اگر مجھے کوئی یہ ثابت کردے کہ یہ فوجی نرسریوں سے پل کر جوان نہیں ہوئے، انہوں نے وہاں جا کرٹارزن بننے کی کوشش کی اور پھر ٹھس کر گئے،ٹھس، ٹائیں، ٹائیں فش ہو گئے ہیں، آئیں سیاست کریں، اگر لوگ کسی کو ووٹ دیتے ہیں تو میں کسی کا ووٹ دینے کا راستہ تو نہیں روک سکتا۔ میں پاکستان کی عظیم فوج سے تعلق رکھنا اپنے لئے اعزازسمجھتا ہوں، اور میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھے فوج کے ساتھ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے شہادت کا رتبہ دے،اوروہ مودی جو مسلمانوں کی قتل وغارت کا فیصلہ کررہا ہے، جو عسائیوں کے لئے عہد کررہے ہیں، ساری بی جے پی نے کسی ایک مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا، آج بھارت میں مسلمان جمعہ کی نماز نہیں پڑھ سکتے،اُدھر گوبر پھینک دیتے ہیں، ان مسلمانوں کو بھی پتہ چل گیا ہے کہ قائد اعظم کا فیصلہ درست تھا اور ہم غلطی پر تھے۔ ملک میں مافیاز کی جڑیں اتنی گہری ہیں کہ ان کے اوپر ہاتھ نہیں ڈالا جاسکا۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے