پشاور (مانند نیوز ڈیسک) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نادرن بائی پاس پر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف گزشتہ پندرہ دنوں میں کارروائیوں کے دوران 41 افراد کو حراست میں لے کر موٹرسائیکلیں ٹرمینل میں بند کر دیں۔تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی سربراہی میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نادرن بائی پاس پر گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران ہر جمعہ اور اتوار کو ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں کیں جس میں 41 نوجوانوں کو ون ویلنگ کرنے پر حراست میں لے کر موٹر سائیکلوں کو ضبط کر کے ٹرمینل میں بند کر دیئے جبکہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ان کے والدین سے تحریری طور پر ضمانت لی گئی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ون ویلنگ سے گریز کیا جائے کیونکہ وقتی طور پر لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ون ویلنگ عمری معذوری اور جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ اس خطرناک کھیل سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور لوگوں کے خوشیوں بھرے گھر ماتم میں تبدیل ہو گئے ہیں۔ ون ویلنگ کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائیگی اور ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔