پشاور (مانند نیوز ڈیسک) زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی مردان کے زیر اہتمام یتیم اور لاچار بچوں میں وینٹر سیزن پیکج کی تقسیم کے سلسلے میں پریس کلب مردان میں ایک تقریب منعقد ہوئی تقریب میں ادارے کے ساتھ رجسٹرڈ یتیم بچوں اور ان کے ساتھ آئے ہوئے سرپرستوں،سماجی کارکنوں اور ہرمکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، تقریب سے خدائی خدمتگار ڈاکٹر محمد یوسف یوسفزئی،زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی مردان کے سرپرست اعلیٰ حاجی کفایت اللہ،مرکزی چیئرمین محمد پرویز،پارٹ آرگنائزیشن کے فیاض الا سلام،ڈاکٹر نرگس ادا،مہراندیش اور حافظ اسماعیل نے خطاب کیا۔ زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی مردان کے چیئرمین محمد پرویز خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی صرف ایک سماجی تنظیم نہیں بلکہ ایک تحریک اور سوچ کا نام ہے، ادارہ سالانہ شیڈول کے مطابق یتیم اور لاچار بچوں کو جو پیکج دیتا ہے ان میں ونٹر سیزن پیکج بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یتیم اور لاچار بچوں کی خدمت کا بیڑا اٹھا رکھا ہے، آیئے ہمارے دست و بازو بن جائیں تا کہ خدمت خلق کا یہ کاررواں بغیر کسی رکاوٹ کے چلتا رہے۔ تقریب سے خدائی خدمتگار ڈاکٹر محمد یوسف یوسفزئی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اسلامی تعلیمات کے مطابق یتیم و لاچار بچوں کی کفالت کرنی ہوگی جس میں دونوں جہانوں کی کامیابی ہے انہوں نے کہا کہ زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی مردان سماجی میدان میں بہت بڑا کام کر رہی ہے آج کے دور میں یتیم اور لاچار بچوں کی مدد کرنا عبادت سے کم نہیں اور جو لوگ یہ فریضہ انجام دے رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے،مقررین نے کہا کہ ُدکھی انسانیت کی بے لوث خدمت حقیقی معنوں میں عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور یہ خدمت انجام دینے والے مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اس پرآشوب دور میں یتیم اور لاچار بچوں کی خدمت کا بیڑہ اٹھا رکھا ہے انہوں نے کہا کہ ادارے کے کارکنوں کا فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لیناقابل تحسین امر ہے تقریب کے آخر میں مہمانان گرامی نے ادارے کے ساتھ رجسٹرڈ یتیم و لاچار بچوں میں ونٹر سیزن پیکج تقسیم کیا۔