پشاور (مانند نیوز ڈیسک) ڈی آئی خان میں تحریک انصاف کو بڑا دھچکا۔ الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین کو بلدیاتی الیکشن کے لئے نااہل قرار دے دیا۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بنچ نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کیخلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت کی۔علی امین گنڈا پور نے الیکشن کمیشن سے ضلع بدر نہ کرنے کی درخواست کی تاہم الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو ڈیرہ اسماعیل خان میں داخل ہونے کی اجازت دیتے ہوئے ان کے بھائی عمر امین کو نااہل قرار دے دیا۔ عمر امین گنڈاپور مئیر ڈیرہ اسماعیل خان کے امیدوار ہیں۔الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو عوامی اجتماعات سے خطاب سے روک دیا جس کے باعث وہ کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔واضح رہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو ضلع بدر کرتے ہوئے 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف انہوں نے اپیل دائر کی تھی جبکہ الیکشن کمیشن نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے علی امین گنڈا پور کے بھائی امیدوار عمر امین گنڈا پور کو نااہل قرار دیدیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا۔الیکشن کمیشن کا اپنے فیصلے میں کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور گھریلو تقریبات میں شریک ہوسکیں گے مگر انہوں نے پھر خلاف ورزی کی تو سخت کارروائی ہوگی۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی امیدوار عمر امین ڈی آئی خان سٹی مئیر کی نشست پر الیکشن نہیں لڑسکیں گے۔