پشاور (مانند نیوز ڈیسک) گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے کہاہے کہ پاکستان جغرافیائی حیثیت اور واحد مسلم ایٹمی پاور کی بدولت دنیا سے ہضم نہیں ہو رہا۔نوجوانوں کو درپیش چیلنجز کو سمجھنا اور ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے خود کو تیار کرنا ہو گااوردرپیش چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں پاکستانیت کو سمجھنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یونیورسٹی آف پشاور میں پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کنفلیکٹ اینڈ سیکیورٹی سٹڈیز کے زیر اہتمام” ہمارا پاکستان کانفرنس ” میں بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر شاہ فرمان کا کہناتھاکہ ہمارا پاکستان کانفرنس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد اور انکی پاکستان سے محبت دیکھ کردلی مسرت ہو ئی ہے۔ہمیں معاشی آزادی، کلچر کے تحفظ کے ساتھ رنگ و نسل، فرقہ ورانہ تقسیم سے خود کو بچانا ہے۔انہوں نے کہاکہ دنیا جانتی ہے کہ واحد مسلم ایٹمی پاور پاکستان ہی اسلامی ممالک کی قیادت کر سکتا ہے۔اس لئے ہمارے ملک کیخلاف ہونیوالی سازشوں کاہمیں سامناکرنے اورمقابلہ کیلئے تیاررہناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوانوں کو ثقافتی، نظریاتی سطح پر کمزور کرنے کیلئے ڈرگ اور سوشل میڈیا کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔ ہمیں اپنی ثقافت، معاشی آزادی اور نظریہ کا تحفظ کرنا ہوگا اوریہی پاکستانیت ہے۔پاکستان انسٹیٹیوٹ فارکنفلیکٹ اینڈ سیکیورٹی سٹڈیز کے زیراہتمام ” ہماراپاکستان” کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے پاکستان انسٹیٹیوٹ فارکنفلیکٹ اینڈسیکیورٹی سٹڈیز کے صدر سابق سفیر عبدالباسط اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف پشاور محمدادریس نے بھی خطاب کیا۔ #