پشاور (مانند نیوز ڈیسک) گورنر ہاؤس پشاور میں منگل کے روز احساس کفالت کارڈز کی تقسیم کی تقریب منعقدہوئی۔ جس میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور وزیر اعلٰی محمود خان مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں گورنرشاہ فرمان اور وزیراعلی محمودخان نے صوبہ کے 3 اضلاع کوہاٹ، باجوڑ اور ہری پورکے 1 لاکھ 1ہزار 661غریب خاندانوں میں احساس کفالت کارڈز تقسیم کئے۔اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر شاہ فرمان کا کہناتھاکہ موجودہ حکومت خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں غریب خاندانوں کی مالی امداد کر رہی ہے۔ احساس پروگرام کے تحت ملک بھر میں غریب خاندانوں کی مالی امداد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور صوبہ کے 13 اضلاع میں اب تک3 لاکھ 8ہزار8 خاندانوں کو احساس کفالت کارڈز دیئے گئے ہیں۔ گورنرنے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت غریب خاندانوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کیلئے ملک میں غربت زیادہ ہونیکے باعث امتحان سخت ہے۔ گورنر کاکہناتھاکہ کورونا وبا کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشت شدید متاثر ہوئی اور معاشرے کا غریب طبقہ بہت زیادہ متاثر ہوا۔تاہم موجودہ حکومت نے کوروناوبا کے باعث لاک ڈاؤن جیسی صورتحال میں بھی ملک کے غریب طبقہ کاخصوصی خیال رکھا۔