کوہاٹ (مانند نیوزڈیسک) ڈپٹی کمشنرکوہاٹ محمد روشن محسود نے کہاہے کہ کھلی کچہریوں کے انعقادکے مثبت اثرات واضح ہوناشروع ہوگئے ہیں اورعوامی شکایات اورمطالبات میں نمایاں کمی واقع ہورہی ہے۔یہ بات انہوں نے بدھ کے روز جرمایونین کونسل میں منعقدہ کھلی کچہری کے موقع پرکہی۔اس موقع پرقومی تعمیرنو کے محکموں کے ضلعی سربراہان،منتخب بلدیاتی نمائندوں،عمائدین علاقہ اورعام لوگوں نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔جرما اصلاحی کمیٹی کے چیئرمین حافظ سعیداوردیگر مشران نے علاقہ کے لوگوں کودرپیش مسائل ومشکلات پرتفصیل سے روشنی ڈالی اوربعض مسائل فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ڈی سی کوہاٹ نے متعلقہ ضلعی افسران کو سختی سے تاکید کی کہ ترقیاتی اورانتظامی مسائل کے فوری اوردیرپا حل کیلئے تمام متعلقہ افسران اپنی صلاحیتوں کو بروئے کارلائیں ااورعوامی مسائل کے تدارک کیلئے بھر پورکوشش کریں تاکہ کھلی کچہری کے انعقادکووقت کے ضیاع کے بجائے مفید بنایا جاسکے۔اس موقع پرمنتخب بلدیاتی نمائندوں اورسماجی کاارکنوں نے علاقے کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات جو کہ تعلیم،صحت،آبنوشی وآبپاشی اورانتظامی امور سے متعلق تھے، سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے تمام ضلعی سربراہان پربھی واضح کیا کہ وہ کھلی کچہری کے ذریعے ملنے والی شکایات اورمطالبات کونظرانداز کرنے سے ا جتناب کریں بلکہ ان کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی کوشش کریں۔