ملاکنڈ (مانندنیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز محمد عارف خان یوسفزئی نے کہاہے کہ انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام تر کاوشیں اور وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز اپنے دفتر میں رواں ماہ کی 28 تاریخ سے شروع ہونے والے 5 روزہ انسداد پولیو مہم کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر درگئی فواد خٹک کے علاوہ محکمہ صحت،تعلیم،ای پی ائی،ڈبلیو ایچ او اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران گزشتہ پولیو مہموں کے دوران پائے جانے والی خامیوں پرتفصیلی غوروحوض کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء سے کہاکہ ریفیوزل کیسز کو جلد نمٹانے اور ان کے راہ میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے کیونکہ انسداد پولیو ایک قومی فریضہ ہے اور اس کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں کو ہر صورت ختم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کیونکہ اس سے ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہموں کا انعقاد تسلسل سے کیا جارہا ہے تاکہ کوئی بھی پانچ سال تک کی عمر کا بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ٹیموں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں کنٹرول روم سے رابطہ کیا جائے گاتاکہ پولیو ٹیموں کو اپنے فرائض کی بجاآوری میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔