پشاور (مانند نیوز ڈیسک) صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے دوسرے کانوکیشن میں 525 فارغ التحصیل طلباء میں اسناد اور 55 میں گولڈ میڈل تقسیم کئے۔اس موقع پر صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم کامران خان بنگش کا کہنا تھا کہ فارغ التحصیل طلباء اور ان کے اہل خانہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، آپ کے مستقبل کے لئے بڑے پیمانے پر کامیابی کی خواہش کرتے ہیں، آپ کی کامیابی ہماری کامیابی، خیبرپختونخوا اور پاکستان کی کامیابی کا نشان ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں دو بڑے ایکاڈیمک بلاک، ایک گرلز ہاسٹل اور ایک ایڈمنسٹریشن بلاک اسی سال بنائے جائیں گے، آپ کے پاس آئیڈیاز ہیں تو کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے انٹرپرینیورشپ کے خواہشمند نوجوانوں کو آسان اقساط پر کاروبار کے لئے پیسے دئیے جا رہے ہیں۔کامران خان بنگش کا کہنا تھا کہ آپ نے جو سیکھا اسے عملی زندگی میں کام میں لائیں اور دنیا میں اپنا اور پاکستان کا نام روشن کریں۔ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ عوام کو سستی اور معیاری تعلیم فراہم کی جائے جس کے لئے ہم نے بہترین اور تاریخی اقدامات اٹھائے، نوجوانوں کے لئے سکالرشپس پروگرام کے ساتھ ساتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام بھی شروع کئے گئے ہیں جس سے ان کی مارکیٹ ویلیو بہتر ہوگی۔ نوجوان ڈگریاں لے لیتے ہیں مگر ان کے پاس اپنے کام کی مہارت نہیں ہوتی جس وجہ سے نوکریاں ملنے میں مشکلات ہوتی ہیں اس کے لئے ہم انہیں سکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں مہارت سیکھائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت طلباء کے لئے تاریخی کام کر رہی ہے، جتنے سکالرشپس ہم نے ایک سال میں دیئے اتنے پچھلے 20 سال میں نہیں دیئے گئے۔