پشاور (مانند نیوز ڈیسک) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے خیبر روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے تحت گزشتہ تین دنوں کے دوران 7539 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی نگرانی میں خیبر روڈ پر کوننگ کی گئی تھی جہاں پر کالے شیشوں کے استعمال‘ سیٹ بلیٹ اور ہیلمٹ نہ استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی. چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے سپیڈ چیک کرنے والے آلے کے ذریعے گاڑیوں کی سپیڈ چیک کرنے سمیت اوور سپیڈنگ کے مرتکب ڈرائیورز کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اسی طرح گاڑیوں میں کالے شیشے استعمال کرنے پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں نے کالے سٹکرز ہٹا کر مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی. چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہر میں ٹریفک کی روانی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی جبکہ قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔