ہنگو (مانند نیوز ڈیسک) ہنگو پولیس کی بڑی کارروائی، 2 سگے بھائیوں کو دن دیہاڑے قتل کرنے والے ملزمان آلہ قتل سمیت گرفتار۔ ملزمان روشن خان اور بدر منیر نے 14 مارچ کو پوسٹ آفس کے قریب فائرنگ کر کے سگے بھائیوں جان شیر اور احمد سرور کوقتل کیا تھا۔ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کی قیادت میں مختلف ٹیموں نے بھر پور ایکشن لیتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر نہ صرف ملزمان کوگرفتار کیا بلکہ ان سے اقرار جرم بھی کرا لیا۔ دلخراش واقع جائیداد کے تنازعہ کا شاخصانہ ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اکرام اللہ خان ہنگامی پریس کانفرنس۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اکرام اللہ خان نے ایس پی انوسٹی گیشن ارشد محمود، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عظمت بنگش اور ایس ایچ او ولایت خان کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 14 مارچ دن 12 بجے کے قریب پوسٹ آفس کے قریب نا معلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 2 سگے بھائیوں جان شیر اور احمد سرور کو قتل کر دیا، واقع کی اطلاع ملتے ہی ہنگو پولیس موقع پر پہنچی اور ڈیڈ باڈیز کو ریسکیو کیا جس کے بعد ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عظمت بنگش اور ایس ایچ او ولایت خان کی قیادت میں مختلف پولیس کی ٹیموں نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے اقدامات کئے جن کی کوششوں سے چند گھنٹے کے اندر اندر اصل ملزمان روشن خان اور بدر منیر وغیرہ کو گرفتار کر کے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل قبضے میں لے لی اور تحقیقات کے روشنی میں جب ملزمان کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے تو وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ جس میں 2 کلاشنکوف، 7 رائفل، 5 پستول، 1 بندوق اور 600 سے زائد کارتوس شامل ہے برآمد کر لئے گئے۔ ڈی پی او اکرام اللہ خان نے بتایا کہ واقع جائیداد کے تنازعے کا شاخصانہ ہے اور ہنگو پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر اصل ملزمان کو گرفتار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہنگو پولیس نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے بھی کاروائی جاری رکھے ہوئے ہیں جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔