ملاکنڈ (مانند نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی ملاکنڈ کا اجلاس جمعرات کے روز ضلعی سیکریڑیٹ بٹ خیلہ میں ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ سہیل احمد کی زیر صدارت منعقد ہو ا جس میں انتظامی افسران کے علاوہ محکمہ خوراک اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے حکام،بازار یونین کے صدر اور تاجر وں نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف اشیائے خوراک کے اشیاء کا دیگر متعلقہ اضلاع کے نرخوں سے تقابلی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں بعض اشیاء کی پرانی نرخیں برقرار رکھی گئیں جبکہ متعدد اشیاء کیلئے نئی نرخیں مقرر کی گئیں۔اجلاس میں ضلع ملاکنڈ میں چھوٹے گوشت کے فروخت کیلئے نیانرخ 950 روپے رکھا گیا جبکہ بڑ ے گوشت کیلئے نیانرخ 470 روپے جبکہ بچھڑا گوشت اور قیمہ پر پابندی لگادی گئی ہے۔اسی طرح مکس سویٹس کیلئے نیانرخ 370روپے فی کلو اورپکوڑے230 روپے کلو، دودھ فی کلو 130 روپے مقرر کی گئی جبکہ دہی پرانے ریٹ 140 روپے کلوہوگی۔نئے نرخوں کی رو سے ضلع میں چکن کڑاہی 600 روپے فی کلو پر فروخت کی جائے گی اسی طرح چکن سجی 500،کباب 400 روپے فی کلو جبکہ چکن پیس 120روپے کے حساب سے فروخت کی جائے گی۔ اجلاس میں دیگر اشیائے خوراک،مشروبات اور کھانے پینے کی اشیاء کیلئے مناسب نرخ مقرر کئے گئے۔اس موقع پر ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری رمضان المبارک کے مقدص مہینے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ نئے نرخوں کو ہر صورت میں انتظامیہ نافذ کرے گی اورکسی کو بھی مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ سرکاری نرخوں سے تجاوز کرنے والے تاجروں اور دکانداروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماہ رمضان المبارک میں تینوں تحصیلوں میں سستا بازاربھی لگائے جائینگے جس میں عوام کو سبزی،فروٹ اور دیگر روزمرہ استعمال کے اشیاء سستے داموں میں فروخت کیا جائیگا۔