اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہاہے کہ عمران خان نے پاکستان کے آئین اورجمہوریت کوآگ لگانے کی کوشش کی ہے،ہم عمران خان کی بغاوت کا مقابلہ کریں گے۔برطانوی اخبار انڈپینڈنٹ کے لئے لکھے گئے مضمون میں بلاول بھٹو نے کہاکہ پاکستان میں ایسے نظام کی ضرورت ہے جہاں غیر جمہوری حکومت اقتدار میں نہ آسکے، پاکستان میں مضبوط نظام لانے کے لیے ہمیں اصلاحات کی ضرورت ہے، ہم عمران خان کی حکومت سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔3 اپریل ہمارے لیے فتح کا دن تھا اورہم اداس بھی تھے، شکست کو تسلیم کرتے ہوئے عمران خان کا آخری مایوس کن عمل ایک اور بغاوت تھی، جس میں آئین کو منسوخ کر دیا گیا جمہوریت کو تہس نہس کر دیا گیا۔ پاکستان کو ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جہاں کوئی نمائندگی نہ رکھنے والی اور غیر جمہوری حکومت اقتدار میں نہ آسکے، اس کے لیے ہمیں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان ایسا غیرآئینی نظام چاہتے ہیں جوان جیسے آمروں کا دفاع کرے لیکن انہیں ایسی تمام کوششوں میں ناکامی ہوگی۔ عمران خان نے قومی اسمبلی کی اکثریت کھو دی ہے، اس بات کا ثبوت ہے کہ اتوار کو کل 342میں سے 197ارکان میرے ساتھ اپوزیشن بنچوں پر آئے، انہیں عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کرنا پڑا جو کہ وزیراعظم کو ہٹانے کا واحد آئینی طریقہ ہے، ووٹ کا سامنا کرنے کے بجائے عمران خان کی پارٹی کے ڈپٹی اسپیکر نے پوری اپوزیشن پر الزام لگایا کہ اپوزیشن غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے اور تحریک کو مسترد کر دیا۔عمران خان نے جلد ہی قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے کی تجویز دی، ڈپٹی اسپیکر اور خان صاحب کے دونوں اقدامات آئین پاکستان کی براہ راست خلاف ورزی تھے۔بلاول بھٹوزرداری نے مزید کہا کہ عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کے فرار اختیارکرکے جوکچھ کیا وہ آئین اورجمہوریت کوآگ لگانے کی کوشش تھی۔عمران خان نے جمہوری ووٹ سے بزدلوں کی طرح راہ فرار اختیار کی اورآئندہ انتخابات کو بھی دھاندلی زدہ کرنے کی کوشش کی ہے۔