سرائے نورنگ (نمائندہ مانند) تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود وانڈہ اورنگزیب میں دو گروپوں کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں خاتون اور اس کی کمسن بیٹی سمیت چارافراد جاں بحق ہوگئے۔ڈاڈیوالہ پولیس نے میڈیا کے نمائندوں کو رابطہ کرنے پر بتایاکہ شہزاد ولد بادشاہ سکنہ وانڈا اورنگزیب نے اپنی مدعیت میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایاکہ گزشتہ روز گھر کے صحن میں پریشر پمپ سے پانی کی بالٹی بھر نے میں مصروف تھا جب کہ کمرے کے دروازے میں اہلیہ اپنی کمسن بیٹی گود میں اٹھائے کھڑی تھی کہ اس دوران گھر کے مین گیٹ سے اورنگزیب۔خان زیب اور شاہ زیب پسران امان اللہ سکنہ وانڈہ اورنگزیب مسلح حالت میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں اہلیہ کمسن بیٹی سمیت جاں بحق ہوگئیں جب کہ وہ خوش قسمتی سے بچ گئے۔پولیس کے مطابق مدعی نے مزید بتایاکہ واقعہ اہلیہ کے والد داؤد اور مبینہ ملزمان کے مابین قتل مقاتلے کی دشمنی کی بناپر رونما ہوا۔فریق دوم کامران اللہ ولد بیگو خان سکنہ وانڈہ اورنگزیب نے اپنی مدعیت میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایاکہ گزشتہ روز وہ اپنے پھوپی زاد بیٹے ہمایون کے ہمراہ اونٹ ریڑھی پر برگی حکیم خان سے گندم لانے میں مصروف تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر خوشدل ولد دلاور اورقیضارولد رحمت اللہ سکنہ وانڈہ اورنگزیب نے ان پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ہمایون جاں بحق ہوگیا جب کہ وہ خوش قسمتی سے بچ نکلا۔پولیس کے مطابق مدعی نے مزید بتایاکہ ملزمان کے ساتھ قتل مقاتلے کی دشمنی چلی آرہی ہے۔اسی طرح عرب خان ولد بادشاہ سکنہ وانڈا اورنگزیب نے اپنی مدعیت میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایاکہ گزشتہ روز وہ اپنے رشتہ دار یونس کے ہمراہ موٹر کار میں ڈیزل ڈالنے کی غرض سے بیرگی حکیم خان میں واقع آئل ایجنسی روانہ ہوئے جب زین الدین گھر پہنچے تو وہاں پر نصیر محمد ولد خان ملوک اور خورشید ولد ممتاز سکنہ وانڈہ اورنگزیب مسلح حالت میں موجود تھے اور ہمیں دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں رشتہ دار یونس خان جاں بحق ہوگیا اور موٹر کار کو نقصان پہنچایا جب کہ وہ خوش قسمتی سے بچ گئے۔پولیس کے مطابق مدعی نے مزید بتایاکہ سابقہ نہیں البتہ مبینہ ملزمان کا ہمارے رشتہ دار شیر علی باز عرف پینا گروپ کے ساتھ قتل مقاتلے کی دشمنی ہے۔جس پر واقعہ رونما ہو۔پولیس نے دونوں فریقین کی جانب سے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔