پشاور (مانند نیوز ڈیسک) صوبائی دارلحکومت پشاور میں وزیر آعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ قیصر رشید خان کی ہدایت پر گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اورکمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود گرانفروشی کے خلاف کارروائیوں کی بذات خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انتظامی افسران نے جمیل چوک میں ایک گودام پر چھاپہ مارتے ہوئے صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال میں مشہور و معروف برانڈ کی پیکنگ میں قیمہ و گوشت پیک کرنے والے گروہ کے دو ارکان کو گرفتار کرتے ہوئے گودام کو سیل کر دیا جبکہ پشاور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے گرانفروشی پر78 دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔انتظامی افسران نے اندرونِ شہر بازاروں، گلبہار، جی ٹی روڈ، نوتھیہ بازار، حیات آباد، کوہاٹ روڈ، رنگ روڈ، چارسدہ روڈ، دلہ زاک روڈ، یونیورسٹی روڈ، پجگی روڈ،باڑہ روڈ اور دیگر علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیااور مختلف علاقوں میں قائم رمضان سستا بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی دستیابی کا معائنہ کیا اور میگا مالز میں قائم رمضان سہولت کاؤنٹرز میں اشیاء کا بھی جائزہ لیا۔کارروائیوں کے دوران گرانفروشی اور سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پر مختلف علاقوں سے78 دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ان گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق صوبائی دارلحکومت پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ قیصر رشید خان کی ہدایت پر پشاور بھر میں گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جبکہ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود گرانفروشوں کے خلاف کارروائیوں کی بذات خود نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے انتظامی افسران کو بازاروں کا مسلسل دورہ کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔