پشاور (مانند نیوز ڈیسک) قائمقام گورنرخیبرپختونخوا مشتاق احمد غنی نے عیدالفطر کے پر مسرت تہوار پر خیبر پختونخوا کے عوام سمیت پوری قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے شک عید کا تہوار اللہ کی جانب سے امت مسلمہ کیلئے ایک انعام ہے جو ماہ رمضان میں روزے رکھنے، تقویٰ اور عبادتوں کے صلہ میں عطا کیا گیا ہے، عید الفطر کی خوشیاں تمام اہل ایمان بغیر کسی رنگ و نسل، سماجی و معاشرتی درجہ بندیوں کے بغیر اجتماعی طور پر مناتے ہیں جو نہ صرف امت مسلمہ کے اتحاد کا عملی ثبوت ہے بلکہ عالمی ممالک کے دیگر مذاہب کیلئے بھی قابل توجہ اور مسحورکن ہے۔یکم شوال 1443ھ عید الفطر کے موقع پر یہاں سے جاری اپنے پیغام میں قائمقام گورنر کا کہنا تھا کہ عید کی حقیقی خوشی معاشرے کے غریب، نادار، یتیم و مسکین افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے سے حاصل کی جا سکتی ہے اور ہمیں اس پر مسرت موقع پر اپنے شہداء کے خاندانوں کوبھی خصوصی طور پرعید کی خوشیوں میں شریک کرنا چاہئے کہ جن کے عزیزوں نے وطن عزیز کے تحفظ اور امن و استحکام کی خاطراپنی جان کی قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے بڑے تہوار کے دن ہمیں بحثیت قوم باہمی محبت و اخوت اور اتحاد کو فروغ دینا ہو گا جو ملک کے امن و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے اور اللہ کی جانب سے عطا کردہ اس بڑی خوشی کے دن نماز عید کے اجتماعات میں ملک کو حادثات، وباؤں اور دشمن کی نظر بد سے محفوظ رکھنے اور ملک کے امن و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی طورپر دعائیں کی جائیں-