اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے تمام دباؤ کے باوجود جھوٹ کو سچ اور غیر آئینی کو آئینی ماننے سے انکار کر دیا،جب بھی کبھی ضمیر کا سودا ہو دوستو، قائم رہو حسین کے انکار کی طرح۔ ان خیالات کااظہار اسد عمر نے منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس وقت عملی طور پر ملک میں کوئی حکومت نظر نہیں آ رہی،معاشی ٹیم کا پلان سات پردوں میں چھپا ہے،سرمایہ کار سرمایہ نکال رہے ہیں، نئی سرمایہ کاری تقریبا ًرک چکی ہے،روشن ڈیجیٹل سے اوورسیز پاکستانی اپنی رقوم نکلوا رہے ہیں پنجاب جیسے صوبے میں ایک انتظامی بحران ہے،وزراء عوام میں نکل نہیں سکتے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک کو جعلی ایف آئی آرز، رانا ثناء اللہ کی دھمکیوں اور مریم اورنگزیب کی بونگیوں پر چلانے کی کوشش ہو رہی ہے، کپڑے بیچ کر آٹا سستا کرنے جیسے احمقانہ پلان انتہائی سنجیدگی سے دئیے جا رہے ہیں،ایک جوکروں کا ٹولہ پاکستان پر مسلط کر دیا گیا، سوچنے والے سوچیں کیا یہ بونے ملک کا چہرہ ہیں؟