سوات (مانند نیوز ڈیسک) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا ہے کہ جہانزیب کالج کو ولی سوات دور کے ڈیزائن پر اسرنو تعمیر کرنا سوات کے بڑے منصوبوں میں سے ایک تھا، الحمدللہ منصوبہ تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، اساتذہ، ایڈمنسٹریشن، طلباء وطالبات کے ساتھ ساتھ ہم سب کو نئے تعمیر شدہ بلڈنگ میں کلاسز کے اجراء کا بے چینی سے انتظار ہے، انتطار کی گھڑیاں جلد ختم ہونے والی ہیں، ابتدا سے ہی تعمیراتی کام کا معائنہ کرتا رہا ہوں، ٹائم فریم کے اندر منصوبے کو تکمیل تک پہنچانے میں تمام وسائل کو بروئے کار لائے گئے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج کے نئے بلڈنگ میں فنشنگ کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی فضل حکیم خان یوسفزئی کو دورے کے موقع پر پرنسپل پروفیسر وفا محمد نے تفصیلی بریفنگ دی، چیئرمین ڈیڈیک نے اس موقع پر مختلف بلاکس کا معائنہ بھی کیا اور کام کے معیار کا جائزہ لیا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی اصغر سورانی بھی ان کے ہمراہ تھے، بلاکس اور دیگر سہولیات کا جائزہ لینے کے موقع ٹھیکیدار بھی موجود تھے، ٹھیکیدار نے ایک بلاک رواں ماہ کے اخر تک اور باقی ماندہ کام رواں سال 14 اگست تک مکمل کرکے کالج انتظامیہ کے حوالے کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر چئیرمین ڈیڈیک نے سپیشل پرسنز کی ضروریات کے مدنظر واشرومز و دیگر سہولیات میں ان کی آسانی کے لئے سہولیات کا بھی جائزہ لیا، اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عام طالب علموں کی طرح سپیشل پرسنز چاہے وہ سٹاف میں ہوں یا سٹوڈنٹس ہوں ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے اور منصوبے میں اس پہلو کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ اس موقع پر ایم پی اے فضل حکیم خان یوسفزئی نے میٹرک سے فارغ التحصیل طلبات کا ہائیر سیکنڈری میں داخلہ یقینی بنانے کے لئے بلڈنگ کرایہ پر لینے اور اس ضمن میں جلد پیشرفت یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے، ان کا کہنا تھا کہ یکم اگست سے کلاسز کا آغاز ہونے جارہا ہے اس لئے بلڈنگ کا حصول ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ پرنسپل جہانزیب کالج کی جانب سے کالج پراپرٹی و دیگر امور سے متعلق مسائل بھی چئیرمین کے سامنے رکھے جس پر چئیرمین ڈیڈیک نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔