اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ الیکشن کی وجہ سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے جو یکم اگست کو پھر بڑھا دی جائیں گی۔ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ شہباز شریف ہمیشہ غلط اعداد و شمار بتاتے ہیں۔ پیٹرول پر 100روپے بڑھا کر 18روپے کم کر دیئے اور ڈیزل پر 130روپے بڑھا کر اب 40روپے کم کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کس کو بیوقوف بنا رہی ہے جبکہ الیکشن کی وجہ سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کی گئی ہیں اور یکم اگست کو یہ حکومت دوبارہ پیٹرول پر 10روپے بڑھا دے گی۔ شوکت ترین نے کہا کہ تیل کی قیمت اس وقت سے بھی کم ہے جو ہم چھوڑ کر گئے تھے۔