پشاور (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر مردان حبیب اللہ عارف نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے۔ فلاحی تنظیمیں معاشرتی برائیوں کے خلاف جہاد کر رہی ہیں اور معاشرے کی پسی ہو ئی طبقات کو ان کے حقوق دلانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں جو قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں سائبان ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت تنظیم کے صدر محمد عارف کر ر ہے تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان کو سائبان کے ویمن وائس اینڈ لیڈرشپ-پاکستان پروجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اور تنظیم کے بروشرز دیے گئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تنظیم کو 600 پودے لگانے کا ہدف دیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر مردان کو بتایا کہ تنظیم کے رضاکار ہمہ وقت انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔ سیلاب، زلزلہ اور کرونا جیسی آفتوں میں ایس-ڈی-او کے رضاکار رضائے الہی کے لئے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنرمردان نے سائبان ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے کردار کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔