اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ شہبازگل کی ضمانت پر حکومت بھاگ رہی ہے،شہباز گِل پر پہلے بھی تشدد کیا گیا اب حکومت ان پر دوبارہ تشدد کرنا چاہتی ہے، حکومتی وکیل دلائل دینے کو تیار نہیں، ہائی کورٹ نے جو نوٹس جاری کیا ہے وہ حیران کن ہے،پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات بنانا راناء ثنا اللہ کی پالیسی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز گِل اوورسیز پاکستانی ہیں، وہ کمزور ہیں اس لیے پکڑے گئے، آپ صرف تشدد کرنے کے لیے شہباز گِل کا ریمانڈ چاہتے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ پوری پارٹی اور عمران خان شہباز گِل کے ساتھ ہے، یہ معاملہ جلد حل ہونا چاہیے، تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت 25 مئی کے واقعے پر مہذب طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہبازگل امریکہ میں پروفیسر ہیں، دہشت گرد تنظیموں سے تعلق نہیں،شہباز گِل کے والدین پاکستان میں نہیں ہیں، یہ کیس کمزور ہے، اس میں حکومت کے وکیل دلائل دینے کو تیار ہی نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نجی ٹی وی پر شہباز گِل نے جو کہا وہ بھی سامنے ہے، 10 محرم کو موبائل سگنل نہیں تھے، اس لیے شہباز گِل نے لینڈ لائن سے کال کی۔ فواد چوہدری نے یہ بھی کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات بنانا رانا ء ثنا اللہ کی پالیسی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ یہ کیس وہی ہے جو مولانا فضل الرحمان، مریم نواز، اور دیگر لوگوں کا ہے، یہ حکومت نہتے لوگوں پر حملے کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 75 کروڑ کروڑ لگا رہے ہیں اور یہاں حالت دیکھ لیں، کل جو فنکشن آزادی کے نام پر کیا گیا قابل شرم ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کل ایک بے ہودہ پروگرام کیا گیا، صرف نیا ترانہ جو آیا ہے وہ ہم نے بنایا تھا۔ فواد چودھری نے کہا کہ ملک میں سیاسی ورکرز پر تشدد بڑھتا جارہا ہے،25مئی کے واقعات پر پنجاب حکومت مہذب طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے، عطا تارڑ نے آج ضمانت کروائی جو اچھی بات ہے۔