کوہاٹ (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ فرقان اشرف نے آج ڈسٹرکٹ کونسل ہال کوہاٹ میں درہ آدم خیل کے سرکردہ ملکان و معززین علاقہ سے تعارفی نشست کا انعقاد کیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر درہ آدم خیل یونس خان کے علاوہ ماتحت عملہ اور تمام محکمہ جات کے سربراہان نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پرمعززین علاقہ اور سرکردہ ملکان نے اجتماعی اور انفرادی مسائل سے ڈپٹی کمشنر کوتفصیلاً آگاہ کیا جن میں زیادہ تر مسائل تعلیم،صحت،بجلی کی ناروا لوشیڈنگ،سڑکوں کی تعمیر و مرمت، کوہاٹ ٹنل ٹال ٹیکس کی وصولی،سوئی گیس،لائیو سٹاک،بے روزگاری،خواتین کیلئے سلائی سنٹرز کی تعمیر اورآبپاشی وآبنوشی کے شعبوں سے متعلق تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہم لوگ عوام کے خادم ہیں اور انشاء اللہ جن مسائل کا حل ان کے دائرہ کار میں ہیں وہ فوراً حل کردیں گے جبکہ دیگر کو متعلقہ محکموں کے سپرد کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ AIP کا فنڈز صرف سابقہ قبائلی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا اور انشا اللہ جلد آپ لوگ خود تبدیلی محسوس کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ٓاپ اپنے علاقے کے مسائل ADR یعنی جرگوں کے ذریعے حل کرے۔لوگوں کے مسائل کاان کی دہلیز پر حل ان کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر درہ آدم خیل کو علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں معیار ومقدار کی کڑی نگرانی کرنے کا کام تفویض کیا ہے وہ روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ارسال کریں گے۔خراب کارکردگی دکھانے پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔