بٹ خیلہ (مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز محمد عارف خان یوسفزئی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ طیب حیات نے عوام کے اجتماعی و انفرادی مسائل اور مشکلات کو ان کے دہلیز پر حل کرنے کے لیے ضلع کے دور افتادہ علاقہ لیویز پوسٹ قلنگی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری میں ایڈ یشنل اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ نور نواز کے علاوہ ضلعی محکموں کے افسران،عمائدین علاقہ اور عوام نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری میں عمائدین نے علاقے کے لوگوں کو درپیش اجتماعی مسائل و مشکلات کے بارے میں اسسٹنٹ کمشنر کو تفصیل سے آگاہ کیاجن میں زیادہ تر مسائل صحت،تعلیم پینے کے صاف پانی،آبنوشی، سڑکوں،بجلی کے لوڈشیڈنگ،منشیات،کنووں کی صفائی،جانوروں کی بیماری، دریا کے ساتھ پروٹیکشن وال اور حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی سے متعلق تھے۔بعض مسائل کو اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر حل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو احکامات صادر کیں۔کھلی کچہری سے سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ کھلی کچہری میں پیش کئے گئے تمام مسائل اور مشکلات کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کھلی کچہریوں کے مسلسل انعقاد کا بنیادی مقصد سرکاری افسران کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانا اور عوام و سرکاری افسران و اہلکاروں کے درمیان فاصلے ختم کرکے عوامی مسائل کو حل کرنا ہے۔اس موقع پر انہوں نے تما م ضلعی محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ عوام کی بلا امتیاز خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی بلاوجہ تاخیری حربے اور کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔آخر میں عوام نے حالیہ سیلاب میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقے طوطکان، قلنگی اور سموسر میں ضلعی انتظامیہ کی بروقت کاروائیوں کو سراہا اور قلنگی میں کھلی کچہری کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا۔