ایبٹ آباد (مانند نیوز) ڈی پی او ایبٹ آباد سجاد خان نے کھلی کچہری میں عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا۔ لورہ کی عوام کی سہولت اور آسانی کے لیے لورہ میں پال آفس کا قیام اب لورہ کے شہریوں کو پال آفس میں میسر سہولیات کے لیے ایبٹ آباد آنے کی زحمت نہیں کرنا پڑے گی تمام سہولیات لورہ میں ہی فراہم کی جائیں گیں۔تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد نے گزشتہ کھلی کچہری میں عوام کی اپیل اور لوگوں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ پال آفس میں میسر سہولیات کے لیے لورہ کی عوام کو جلد خوشخبری دی جائے گی اور لورہ میں ہی پال آفس کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ لورہ کے شہریوں کو ایبٹ آباد آنے اور جانے میں جو تکلیف پیش آتی ہے اس سے بچایا جا سکے، اس وعدہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے گزشتہ روز ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد سجاد خان نے لورہ میں پال آفس کا افتتاح کیا اس موقع پر ڈی آر سی و پی ایل سی ممبران، معززین علاقہ سمیت کثیر تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی اپنے خطاب میں ڈی پی او ایبٹ آباد سجاد خان کا کہنا تھا کہ اب پال آفس لورہ کی عوام کو ایک ہی چھت کے نیچے پال آفس کی تمام تر سہولیات فراہم کرے گا، لورہ کے شہری اب گمشدہ اشیاء، شناختی کارڈز وغیرہ کی رپورٹ کے لیے، اندرون و بیرون ملک سکیورٹی کلئیرنس سرٹفکیٹ اور ویریفیکش جیسے ضروری کاموں کے لیے پال آفس لورہ کی سہولیات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ اہلیان علاقہ نے ایبٹ آباد پولیس کے اس تاریخی اقدام پر ضلعی پولیس سربراہ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔