سوات (مانند نیوز) ڈائریکٹر انفارمیشن خیبرپختونخوا نورالہادی کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلابی صورتحال کے دوران محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے عوام تک بروقت صحیح معلومات پہنچانے میں نہایت ہی اہم کردار ادا کیا، پرنٹ، الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل میڈیا کا موثر استعمال کیا گیا اور عوام کو ضروری معلومات اور حکومتی اقدامات اور حکمتِ عملی سے باخبر رکھا گیا، اسی طرح پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے نا صرف عوام کو حکومتی اقدامات سے ہمہ وقت اگاہ رکھا بلکہ دور افتادہ علاقوں سے رپورٹنگ کے ذریعے عوامی مشکلات اداروں تک پہنچائی جس کے نتیجے میں موثر ریسکیو و ریلیف اقدامات ہوئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل انفارمیشن آفس سوات دورے کے موقع پر پختونخوا ریڈیو سوات کے لائیو پروگرام کے دوران گفتگو میں کیا، پروگرام میزبان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آفات کے دوران صحیح اور بروقت معلومات سے انسانی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے عوام تک صحیح معلومات کی رسائی کے لئے متعدد نئے اقدامات کئے ہیں جس میں مروجہ طریقہ کار اور صحافتی امور کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اضلاع میں پریس کلبوں اور صحافیوں کی معاونت، اخباری صنعت کی ترقی کے اقدامات، اور نئے دور کے تقاضوں کے ہم آہنگ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے صحافت کا فروغ شامل ہے۔ ڈائریکٹر انفارمیشن کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں میں کم پڑھے لکھے عوام تک بھی رسائی احداف میں شامل ہے اور اس سلسلے میں ایف ایم ریڈیوز کا ایک نیٹ ورک عمل میں لایا گیا ہے جس کے ذریعے مقامی زبانوں میں نشریات جاری ہیں جس میں معلوماتی پروگراموں کے ساتھ ساتھ تفریحی پروگرامز بھی نشر کئے جارہے ہیں۔ اس سے پہلے سوات دورے کے موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن نورالہادی کو ریجنل انفارمیشن سوات میں سالانہ کارکردگی پر بریفنگ بھی دی گئی۔